لاہور: (سچ نیوز) صدر مسلم لیگ )ن( نے میاں نواز شریف کے جیل میں پرہیزی کھانا روکے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت انتقام کی آخری حد تک جا چکی ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میاں نواز شریف دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں، ان کا پرہیزی کھانا گھر سے آتا ہے، ان کو بیماری کی حالت میں گھر کے کھانے سے محروم کرنا بہت بڑا ظلم ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت انتقام کی آخری حد تک جا چکی ہے۔ عمران خان! سُن لو، اس ظلم سے تم ہمارے حوصلے نہیں توڑ سکتے، ہمارے حوصلے بلند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف اس ملک کے تین بار وزیر اعظم رہے، اُن کے ساتھ غیر انسانی سلوک انتہائی قابل افسوس ہے۔ میاں نواز شریف تک فی الفور گھر کے کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔