واشنگٹن(سچ نیوز)ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سابق صدر کلنٹن کے گھر سے برآمد بم بارے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری اولین ترجیح امریکیوں کا تحفظ ہے، اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، واقعات کی مکمل جانچ کے بعد مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک سٹی میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے گھر سے بم برآمد ہوا ہے، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سابق صدر بل کلنٹن کے گھر میں کسی نے مشتبہ پیکٹ بھیجا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مشتبہ پیکٹ میں بھیجے گئے بارودی مواد کی اعلی اداروں سے جانچ پڑتال ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی اور دیگر فیڈرل ادارے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔واضح رہے کہ پیکٹ کی تلاشی پر اس میں سے دھماکا خیز ڈیوائس برآمد ہوئی ہے، بل کلنٹن کے گھر دھماکا خیز ڈیوائس کوریئر کے ذریعے بھیجی گئی تھی۔ سابق صدر باراک اوباما کے دفتر میں بھی مشتبہ پیکٹ بھیجے جانے کی اطلاع ملی ہے تاہم امریکی سیکرٹ سروس کے مطابق اوباما کے دفتر میں بھیجا جانے والا مشتبہ پیکٹ روک لیا گیاتھا۔