ممبئی (سچ نیوز )بھارتی گلوکارمیکا سنگھ نے کراچی میں آٹھ اگست کو سابق صدر پرویز مشرف کے کزن کی بیٹی کی شادی میں پرفارمنس کی جسے پاکستانیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا تاہم اب میکا سنگھ کو بھی پاکستان آ کر پرفارمنس دینا مہنگا پڑ گیاہے کیونکہ ان پر بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ” آل انڈیا سائن ورکرز ایسوسی ایشن “ کی جانب سے گلوکار میکا سنگھ پر بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے کیونکہ انہوں نے پاکستان میں جاکر پرفامنس کی ۔ پابندی لگانے کا اعلان ”اے آئی سی ڈبلیو اے “ کے صدر سوریش شیملال کی جانب سے کیا گیا ۔بیان میں کہا گیاہے کہ ” اے آئی سے ڈبلیو اے “ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ میکا سنگھ کے ساتھ کوئی کام نہ کرے اور اگر کوئی کرتاہے تواس کیخلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی ۔