لندن(سچ نیوز) ہارر فلمیں اور ڈرامے شائقین میں بہت مقبول ہوتے ہیں لیکن ان میں کام کرنے والے اداکاروں پر کیا گزرتی ہے؟ اس حوالے سے اب ایک معروف برطانوی اداکار نے ایسی بات کہہ دی ہے کہ سن کر ہی ہر کسی کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اولیور جیکسن کوہن نامی اس اداکار نے گزشتہ دنوں بتایا ہے کہ ہم نیٹ فلیکس کے لیے ہارر ڈرامے’ہاؤنٹنگ آف ہل ہاؤس‘ (Haunting of Hill House) کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ یہ شوٹنگ ایک متروکہ عمارت میں ہو رہی تھی جس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ اس میں بھوت رہتے ہیں۔ ڈرامے کی شوٹنگ کو ابھی چند دن ہی ہوئے تھے کہ اس کے بعد جب میں شوٹنگ سے واپس آتا اور سونے لگتا تو مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جیسے میرے بیڈ پر کوئی بھوت بیٹھا ہو۔اولیور جیکسن نے مزید بتایا کہ ’’میں عام طور پر بھوت پریت کے متعلق کہانیوں کی پروا نہیں کرتا تھا لیکن اب میں کہہ سکتا ہوں کہ وہ دن میری زندگی کے خوفناک ترین دن تھے، میں رات رات بھر سو نہیں پاتا تھا۔ مجھے یوں محسوس ہوتا تھا کہ میں سوؤں گا تو یہ بھوت مجھے قتل کر دے گا۔ یہ ڈرامہ مصنف سٹیفن کنگ کے ناول پر مبنی تھا۔ اس ناول کا نام بھی ’ہاؤنٹنگ آف ہل ہاؤس‘ہی ہے۔ یہ کچھ صرف میرے ساتھ ہی پیش نہیں آیا۔ میرے ساتھ اس ڈرامے میں کام کرنے والے کئی اداکاراؤں نے ایسے ہی واقعات بتائے تھے جو ان دنوں میں ان کے ساتھ پیش آئے۔ میری ساتھی فنکار الزبتھ ریسر ، جس نے ڈرامے میں میری بہن کا کردار کیا تھا۔ اس نے بتایا تھا کہ اسے بھی احساس ہوتا ہے جیسے کوئی اس کے آس پاس گھوم رہا ہو۔‘‘