لاہور(سچ نیوز)تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے کہاہے کہ میں وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مشرف سمیت تمام ملزمان کو جو عدالتوں کو مطلوب ہیں، ان کو کٹہرے میں لایا جائے ۔
دنیا نیوز کے پر وگرام ”آن دا فرنٹ “میں گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چودھری نے کہا کہ تبدیلی آگئی ہے ہم سب کی تحمل سے سنیں گے جہاں کمزوری ہوگی اپنی اصلاح کریں گے ۔ ہم نے زبر دستی پنجاب کی حکومت نہیں لی ہے ۔ ہماری پنجاب میں اکثریت بنتی تھی اور یہ ہماری ذمہ داری تھی کہ ہم پنجاب میں حکومت بناتے ۔ ہم نے پورے صوبے کو ذمہ داریوں کے حساب سے تقسیم کیاہے ۔ سنیٹرل پنجاب کو گورنر اور سپیکر کی ذمہ داری دی ہے ۔ اس لئے مناسب سمجھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو جنوبی پنجاب سے لیا جائے اور ون مین شو رکھنے کی بجائے ایک ٹیم بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہر ایم پی اے وزیر اعلیٰ بننے کا اہل ہوتا ہے ۔ میں باہر بیٹھ کر وہ کام کروں گا جو میں حکومت میں بیٹھ کر نہیں کر سکتا تھا اور ہم اپنی حکومت پر چیک رکھیں گے ۔عمران خان نے ثابت کیاہے کہ وہ کمزور ٹیم سے بھی بڑا میچ کھیل سکتے ہیں۔میں عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جو لوگ عدالتوں کو مطلوب ہیں ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ مشرف بھی قانون کے کٹہرے میں آئیں گے اور یہ میں کہہ رہاہوں۔