نئی دہلی (سچ نیوز) معروف شخصیات کے بالوں کو سنوارنے والی بھارتی ہیئر سٹائلسٹ سپنا بھوانی نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سپنا بھوانی نے پاکستان کے صوبہ سندھ پر ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے جس کا نام ”سندھوستان“ رکھا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان میں بھی اس فلم کو نمائش کیلئے پیش کریں جبکہ اس مقصد کیلئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت ملنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔انہوں نے وزیراعظم کے نام اپنے پیغام میں کہا ” عمران خان، سر میں ایک دستاویزی فلم بنانے والی بھارتی خاتون ہوں جس نے ’سندھوستان‘ کے نام سے صوبہ سندھ پر ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے۔ پاکستان کا ویزہ حاصل کرنے کی میری درخواست دو مرتبہ مسترد ہو چکی ہے لیکن میں نے سنا ہے کہ آپ سب سے مختلف ہیں اور امن چاہتے ہیں۔۔۔ ہم امن چاہتے ہیں۔ برائے مہربانی مجھے اور میری فلم کو سندھ میں آنے کی دعوت دیں۔۔۔ یہ میرا خواب ہے!“