لاہور: (سچ نیوز) نیب کی لاہور میں ایک اور بڑی کارروائی، گریڈ سولہ کے سابق سرکاری افسر کے گھر پر چھاپہ مار کر 33 کروڑ روپے برآمد کر لئے، مذکورہ افسر کے گھر سے آمدن سے زائد اثاثے قائم کرنے کے متعدد ثبوت بھی مل گئے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کینال روڈ پر واقع ای ایم ای سوسائٹی میں گریڈ 16 کے سابق سرکاری افسر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر چھپائے گئے 33 کروڑ روپے برآمد کر لیے ہیں۔ نیب حکام کی جانب سےملزم کی شناخت صیغہ رازمیں رکھی گئی ہے۔
نیب حکام کے مطابق 10 کروڑ روپے پاکستانی کرنسی کی صورت میں جبکہ 17 کروڑ روپے کے پرائز بانڈز برآمد کئے گئے ہیں۔ ساڑھے 3 کروڑ مالیت کی 11 مختلف ممالک کی کرنسی بھی قبضےمیں لے لی گئی ہے۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی ملکیت میں مبینہ طور پر کثیر جائیدادوں کے شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں تاہم اس حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔