اسلام آباد: (سچ نیوز) پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے اپوزیشن ارکان سے رابطوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے بارہ سے تیرہ سینیٹرز چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کو ووٹ نہیں دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ تحریک عدم اعتماد واپس لے، ورنہ بہت بڑا نقصان ہوگا۔ ن لیگ کے سینیٹرز بھی ان کے ایم پی ایز کی طرح متنفر ہو رہے ہیں۔ اپوزیشن کا کیمپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے کچھ اراکین تکنیکی طور پر آزاد حیثیت رکھتے ہیں۔ ایوان میں آزاد اراکین پر ووٹ دینے کی قدغن نہیں ہے جبکہ اپوزیشن کے باقی اراکین بھی اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں سمجھ بوجھ رکھنے والے بہترین لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ غلط ہو رہا ہے، ابھی یہ عدم اعتماد لارہے ہیں، بعد میں ہم لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا کوئی رکن پارٹی لائن سے منحرف ہو، یہ ممکن نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے صادق سنجرانی کی جیت کو بلوچستان اور وفاق کی فتح قرار دیا تھا۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ آج ضیا الحق کے اوپننگ بیٹسمین کو شکست ہوئی، اب عدم اعتماد کی تحریک کے بعد بلاول کو اپنے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرنا ہوگا۔