اسلام آباد: (سچ نیوز) مسلم لیگ ن کے ناراض ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق ن لیگ کے ناراض ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے حکومت سے رابطہ کیا ہے اور لیگی ارکان نے وزیراعظم سے بنی گالہ میں ملاقات جاری ہے۔ اس ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے ارکان قومی و پنجاب اسمبلی اپنی قیادت کے رویئے سے نالاں ہیں۔ میثاق معیشت اور مسلم لیگ ن میں گوں مگوں کی صورتحال کے باعث جماعت میں کنفیوژن پائی جا رہی ہے جس کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان بھی غیر یقینی کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے ناراض ارکان جو بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان سے ملے ہیں ان کی تعداد 15 کے قریب بتائی جا رہی ہے۔ ملاقات کرنے والے ن لیگی رہنماؤں نے اس ملاقات میں تحریک انصاف میں شمولیت کا عندیہ دیا ہے۔ 15 کے قریب مسلم لیگی رہنماؤں میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان شامل ہیں۔