واشنگٹن(سچ نیوز) ایئرپورٹس پر جرائم پیشہ افراد سے منشیات وغیرہ برآمد ہوتا تو عام بات ہے مگر گزشتہ روز واشنگٹن ایئرپورٹ پر ایک شخص سے ایسی خوفناک چیز برآمد ہو گئی کہ ایئرپورٹ پر موجود ہرشخص نے دوڑ لگا دی۔ایمریٹس 247کے مطابق یہ واقعہ بالٹی مور/واشنگٹن ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں ایک مسافر کے سامان سے میزائل کا لانچر برآمد ہوا۔ یہ مسافر کوئی اور نہیں بلکہ حاضر سروس فوجی تھا۔یہ شخص امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر جیکسن وائل کا رہائشی تھا۔ امریکی ٹرانسپورٹ سکیورٹی آفیسرز نے جب اس سے تفتیش کی تو اس نے بتایا کہ وہ اس لانچر کو بطور ’اعزاز‘ اپنے ساتھ لے جا رہا تھا۔ ٹرانسپورٹ سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کی ترجمان لیزا فربسٹین کا کہنا تھا کہ”اس مسافر سے لانچر ضبط کرکے کرکے سٹیٹ فائر مارشل کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اسے بحفاظت تلف کر دیا جائے۔“رپورٹ کے مطابق اس فوجی سے لانچر لینے کے بعد اسے پرواز پر سوار ہونے اور سفر کرنے کی اجازت دے دی گئی۔یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس فوجی نے یہ لانچر کہاں سے حاصل کیا اور کس بات کے اعزاز کے طور پر اسے اپنے ساتھ لیجا رہا تھا۔