نئی دلی (سچ نیوز) انڈین نیشنل کانگریس سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے حال ہی میں بھارتی پنجاب کی کابینہ سے استعفیٰ دیا ہے ۔ اب یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ انہیں کانگریس دلی کا صدر بنایا جاسکتا ہے۔نوجوت سنگھ سدھو نے 6 جون کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ کی جانب سے اپنا قلمدان تبدیل کیے جانے پر 10 جون کو بطور وزیر استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ براہ راست کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو بھجوایا تھا تاہم اب سدھو کو بڑی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے دلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کے انتقال کے بعد نوجوت سنگھ سدھو کو کانگریس کے دلی چیپٹر کا صدر بنایا جاسکتا ہے۔ دلی کانگریس کی صدراور 15 سال تک دلی کی وزیراعلیٰ رہنے والی شیلا دکشت کا20 جولائی کو سکارٹس ہسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا ۔ ان کے انتقال کے بعد سے دلی کی کانگریس سربراہ سے محروم ہے۔شیلا دکشت سے قبل اس عہدے پرسابق مرکزی وریاستی وزیراجے ماکن ، دہلی کے سابق وزیراروندرسنگھ لولی اورسابق رکن پارلیمنٹ جے پرکاش اگروال بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔