لندن: (سچ نیوز) ہیتھرو ائیرپورٹ پر برطانیہ میں پاکستان کے سفیر نفیس ذکریا اور سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی برطانیہ میں دولت مشترکہ کے انیسویں سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزیر خارجہ برطانیہ میں آزادی اظہار رائے کے حوالے سے منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے منعقدہ پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ برطانیہ میں بین الاقوامی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے اور مختلف امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دولت مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے دیگر اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔