لندن(سچ نیوز) ٹیکنالوجی کی جدت نے دیگر شعبہ ہائے زندگی کے ساتھ ساتھ دفاع کے شعبے کو بھی یکسر بدل کر رکھ دیا ہے اور اب زمانہ ان روایتی جنگوں کا نہیں رہا بلکہ یہ سائبر جنگوں کا دور آ چکا ہے۔ اسی حقیقت کے پیش نظر دنیا بھر کی افواج خود کو اس نئی ضرورت کے مطابق تبدیل کر رہی ہیں۔ اب برطانوی آرمی نے بھی کمپیوٹر ہیکرز اور پراپیگنڈا سپیشلسٹس پر مشتمل ایک الگ ڈویژن بنانے پر کام شروع کر رکھا ہے۔دی گارڈین کے مطابق اس سے قبل بھی برطانوی فوج میں کمپیوٹر ہیکرز اور پراپیگنڈا سپیشلسٹس موجود تھے تاہم ان کی کوئی الگ ڈویژن نہیں تھی۔ اب انہیں یکجا کرکے سنگل ڈویژن بنانے کا کام ہو رہا ہے۔ یہ برطانوی فوج کی چھٹی (6th)ڈویژن ہو گی، جس میں ساڑھے 14ہزار کے لگ بھگ کمپیوٹر ہیکرز اور پراپیگنڈا سپیشلسٹس ہوں گے۔ اس ڈویژن میں عام فوجی بھی شامل ہوں گے جو خفیہ اور سپیشل فورسز ٹائپ آپریشنز کریں گے۔فوج میں اس نئی ڈویژن کے اضافے کے متعلق بات کرتے ہوئے برٹش فیلڈ آرمی کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آئیوان جونز کا کہنا تھا کہ ”جنگوں کی حکمت عملی مسلسل تبدیل ہو رہی ہے اور اس وقت اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ آپ امن اور جنگ کے درمیان تمیز نہیں کر سکتے، کیونکہ یہ سائبر وار کا دور آ گیا ہے اور اب روایتی ہتھیاروں کی بجائے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ چنانچہ اس نئی ضرورت کے پیش نظر فوج میں یہ ڈویژن بنائی جا رہی ہے۔ اس جدید دور کی جنگی حکمت عملی سے لیس ہو گی۔“