دبئی: (سچ نیوز ) ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا کو تاریخی شکست دیتے ہوئے وائٹ واش کرنے پر ٹیم اور قومی کرکٹرز کو انعام مل گیا، پہلی پوزیشن مستحکم ہو گئی، بابر اعظم بیٹنگ میں پھر ٹاپ پر آ گئے، بولنگ میں شاداب خان دوسرے نمبر پر برقرار جبکہ عماد وسیم ٹاپ ٹین میں پہنچ گئے۔
آئی سی سی کی تازہ ٹی 20 رینکنگ جاری، یو اے ای میں آسٹریلیا کو پہلی بار تین صفر یعنی کلین سویپ کرنے پر پاکستان کی ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔
انفرادی رینکنگ میں کینگروز کے خلاف اڑسٹھ، پینتالیس اور پچاس رنز کی سپر اننگز کھیلنے والے بابر اعظم کو بھی بڑا انعام مل گیا ہے، وہ چار درجے ترقی کر کے دوبارہ نمبر ون بیٹسمین بن گئے ہیں۔
قومی اوپنر فخر زمان کی 3 درجے تنزلی، پانچویں نمبر کے بیٹسمین بن گئے، بیٹنگ میں شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد کی بھی تنزلی ہوئی، پہلے دونوں ٹی 20 میچز میں مین آف دی میچ عماد وسیم کی 14 درجے ترقی ہوئی۔
عماد وسیم ترقی کر کے ٹاپ ٹین میں شامل، 10 ویں نمبر کے بولر بن گئے، بولنگ رینکنگ میں شاداب خان دوسرے نمبر پر براجمان، جرنیٹر سٹائل فاسٹ بولر حسن علی 8 درجے ترقی کر کے 21 نمبر کے بولر بن گئے۔