نئی دہلی (سچ نیوز) بھارت نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے معاملے پر سفارتی تعلقات کم کرنے سے متعلق اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے کیونکہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے ”این ڈی ٹی وی“ کے مطابق بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے فیصلے کا مقصد ہمارے باہمی تعلقات سے متعلق دنیا کے سامنے ایک تشویشناک تصویر پیش کرنا ہے جبکہ اس فیصلے کی وجہ زمینی حقائق کے منافی ہے۔بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ کلی طور پر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔ بھارت کا آئین خودمختار تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔بھارتی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت اور پارلیمینٹ کی جانب سے کیا گیا حالیہ فیصلہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے عزم سے کارفرما ہے جو اس سے پہلے آئین میں ایک عارضی آرٹیکل کے باعث نہیں ہو سکا تھا۔ اس فیصلے سے ناصرف نسلی بلکہ معاشرتی اور معاشی امتیاز ختم ہو گا بلکہ معیشت بھی پروان چڑھے گی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی زندگیاں بھی بہتر ہوں گی۔