لاہور(سچ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں میں منتخب ہونے والی خاتون رکن عظمیٰ قادری کو شوز کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے رکنیت سے استعفیٰ مانگ لیا۔
نجی ٹی وی چینل” ڈان نیوز“ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے سابق صوبائی وزیر زعیم قادری کی اہلیہ کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عظمیٰ قادری سے پارٹی پالیسی پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے استعفی مانگا گیا ہے،نوٹس میں کہا گیا کہ عظمیٰ قادری 5 روز میں استعفیٰ یا الزامات کا جواب دیں ورنہ نااہلی کے لیے قانونی چارہ جوئی ہوگی کیوں کہ عظمی قادری نے حلف اٹھانے کی تقریب سمیت وزیر اعلیٰ اور اسپیکر کے انتخاب میں بھی حصہ نہیں لیا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کسی بھی اجلاس میں حصہ نہیں لیا۔خیال رہے کہ زعیم قادری نے 25 جولائی کے انتخابات سے چند روز قبل ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) سے بغاوت کرتے ہوئے ٹکٹ ملنے کے باوجود آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیا تھا اورانہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔