ممبئی(سچ نیوز )نامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور نک جونز کی شادی کی تصاویر 2.5 ملین ڈالرز میں ایک بین الاقوامی میگزین کو فروخت کی جائیں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق ملکہ حسن پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونز 2 دسمبر کو شادی کے خوبصورت بندھن میں بندھ کر ایک ہونے جارہے ہیں، پریانکا اور نک کی شادی کے چرچے نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ہالی ووڈ میں بھی ہیں یہی وجہ ہے کہ کئی بین الاقوامی میگزین شادی کی تصاویر پبلش کرنے کی دوڑ میں ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نک جونز اور پریانکا چوپڑاکی شادی کی تصاویر ایک بین الاقوامی میگزین میں پبلش کے لیے 2.5 ملین ڈالرز میں فروخت کی جائیں گی ،تاہم ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ یہ تصاویر کس میگزین میں پبلش ہوں گی؟ مشہور شخصیات کی شادی کی تصاویر میگزین کو فروخت کرنا کوئی نئی بات نہیں اس سے قبل بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی کی تصاویر بھی ووگ انڈیا میگزین کی زینت بنی تھیں۔ واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا اورنک جونز کی شادی کے بندھن کی تقریب میں 1500 سے 2000 مہمانوں کو مدعو کیاگیا ہے۔