ممبئی(سچ نیوز) معروف بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونز کی عنقریب ہونے والی شادی میں بالی ووڈ کی شخصیات کو نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق پریانکا اور جونز یکم دسمبر کو بھارتی ریاست راجھستان کے شہر جودھ پور میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گے۔ شادی کی اس تقریب میں دونوں فنکاروں کی جانب سے 1500 سے 2000 مہمانوں کو مدعو کیا جانا تھا اور کہا جارہا تھا کہ شادی میں بالی ووڈ سپرسٹارز سلمان خان، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور فرحان اختر سمیت متعدد اداکاربھی شرکت کریں گے لیکن اب انہیں نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ پریانکا بالی ووڈ سے وابستہ شخصیات کو شادی میں مدعو کرنا چاہتی تھیں لیکن اب صرف اپنے قریبی دوستوں اور عزیز و اقارب کی موجودگی میں شادی کرنا چاہتی ہیں اور فلم نگری سے جڑے لوگوں کو شادی کے بجائے شادی کے استقبالیے میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا کی نک جونز سے شادی سے قبل ہی رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی ہوجائے گی جو کہ 14 سے 15 نومبر تک اٹلی میں انجام پائے گی۔