پشین: (سچ نیوز) پشین کی مارکیٹ میں آتشزدگی، دس سے زائد دکانیں آگ کی لپیٹ میں آگئیں، بے رحم شعلوں نے کروڑوں کا کپڑا جلا دیا۔
تفصیلات کے مطابق، پشین شہر کے مین بازار میں غرشینان روڈ پر واقع تابان مارکیٹ میں آتشزدگی کا واقع پیش آیا، مارکیٹ میں لگی آگ نے بے قابو ہو کر متاثرہ مارکیٹ میں درجن سے زائد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے مارکیٹ میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا جل کر راکھ ہوگیا جبکہ عمارت اور املاک کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی کی کویک ریسپانس فورس، لیویز اور پولیس کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے آگ بجھانے میں مصروف ہے۔ سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر لیاقت علی، ڈپٹی کمشنر اورنگزیب بادینی، ڈی ایس پی عظمت شاہ نے متاثرہ مارکیٹ کا دورہ کر کے دکانداروں سے تفصیلات لی اور مالی نقصان پر دکانداروں سے اظہار افسوس بھی کیا۔
بریگیڈیئر ایف سی نے آگ پر جلد قابو پانے کیلئے ایف سی سیکٹر اور کوئٹہ سے مزید فائربریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرلیں ہے۔ شہریوں کی بھی بڑی تعداد اس وقت سیکورٹی فورسز کے ساتھ امداد کارروائیوں میں مصروف ہے۔