روم(سچ نیوز) اٹلی میں پولیس نے نیونازی گروپ کے ایک خفیہ ٹھکانے کا سراغ لگا کر اس پر چھاپہ مارا تو وہاں سے ایسا جدید اسلحہ برآمد ہوگیا کہ پولیس آفیسرز کی آنکھیں بھی کھلی کی کھلی رہ گئیں۔ ویب سائٹ arstechnica.com کے مطابق اٹلی کی پولیس فورزا نیووا (Forza Nuova)نامی سیاسی جماعت اور باغی شدت پسند گروہ کے خلاف تحقیقات کے نتیجے میں متعدد مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔گزشتہ روز نیونازی گروپ کے جس ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا وہاں سے دیگر جدید اسلحے کے ساتھ ساتھ فرانس ساختہ فضاءسے فضاءمیں مار کرنے والے جدید میزائل بھی برآمد ہوئے۔ یہ میٹرا سپر 530ایف (Matra Super 530 F)میزائل تھے۔ ان کے متعلق بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل قطر کو فروخت کیے گئے تھے جن قطر ایئرفورس نے اپنے میراج 2000طیارے پر نصب کرنا تھا۔ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں کہ یہ میزائل اس گروپ کے پاس کیسے پہنچے۔یہ گروپ شام میں بشارالاسد کی حکومت کا حامی بھی ہے اور اس کی معاونت کرتا رہا ہے جس کی مدد کے لیے روسی فوج بھی شام میں موجود ہے۔ دوسری طرف یہ شدت پسند گروہ مبینہ طور پر یوکرین کے علاقے ڈونگبس میں روس کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں کے ساتھ مل کر بھی لڑتے رہے ہیں۔ اس ٹھکانے سے ایک بیس بال بیٹ بھی برآمد ہوا جس پر ’لیڈر مسولینی‘ کے الفاظ کندہ کیے ہوئے تھے۔