واشنگٹن (سچ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر مزید پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا، ایرانی صدر نے کہا ہے کہ یورینیم کی افزودگی کی سطح کو پر امن مقاصد کے لیے بڑھایا گیا ہے جو جوہری معاہدے کے عین مطابق ہے۔امریکی صدر ایک مرتبہ پھر ایران پر پابندیاں عائد کرنے کیلئے سرگرم، ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ ایران خفیہ طور پر اوباما اور جان کیری کی ایٹمی ڈیل کی آڑ میں یورینیم افزودہ کر رہا تھا، عنقریب ایران پر مزید پابندیاں لگائی جائیں گی۔دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی کی شرح میں اضافہ پر امن مقاصد کے لیے ہے جو جوہری معاہدے کے عین مطابق ہے، ایرانی صدر نے برطانیہ کو بھی تیل بردار بحری جہاز پکڑنے پر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ لندن اس وحشیانہ اور بچگانہ اقدام کا خمیازہ بھگتنے کی لیے تیار ہو جائے۔ادھر فرانس نے ایرانی جوہری معاہدہ کو بچانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، فرانسیسی صدر کے سفارتی مشیر ایران پہنچ گئے جہاں انکی ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات ہوئی، صدر میکرون کی ایرانی اور امریکی صدور سے ٹیلی فونک گفتگو بھی ہوئی ہے۔