کراچی: (سچ نیوز) کراچی میں بارش کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا، محکمہ موسمیات نے آج بھی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے. گزشتہ روز برسات کی پہلی جھڑی کے بعد شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم رہا تو دوسری جانب ناقص نکاسی انتظامات کے باعث شہر پانی پانی ہو گیا. بڑی شاہراہیں ڈوبنے اور آمدورفت کے راستے مسدود ہونے کے سبب جامعہ کراچی، وفاقی اردو یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات معطل، داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی اور سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی. سندھ حکومت نے بھی مسلسل بارشوں کے باعث آج صوبے بھر میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج پھر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔ شہر قائد میں گزشتہ روز رجم جھم انتظامیہ کے ناقص انتظامات کے سبب کراچی والوں کی جان کو آ گئی، وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش سے شہر کی اہم شاہراہیں تالاب میں تبدیل ہو گئیں، گلیوں محلوں سے ہوتا بارش کا پانی گھروں تک پہنچ گیا جس سے ہر طرف افراتفری مچ گئی۔
آمدورفت کے راستے مسدود ہونے کے سبب جامعہ کراچی، وفاقی اردو یونیورسٹی کے آج ہونے والے امتحانات ملتوی کر دئیے گئے جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ رجسٹرار داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے مطابق ادارے میں آج تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں بھی آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے مسلسل بارشوں کے باعث آج (30 جولائی) کو صوبے بھر میں نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلان حالیہ بارشوں کے پیش نظر کیا گیا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے والدین، اساتذہ اور طلبہ کو سکول پہنچنے میں مشکلات ہونگی، اس لیے ان کی سہولیات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا،سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز نے تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
شہر میں گذشتہ روز برسات کی پہلی بارش نے انتظامیہ کی غفلت کے سارے پول کھول کر رکھ دیئے، شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔ 800 سے زائد فیڈرز متاثر، نارتھ کراچی، نیو کراچی اور ناگن چورنگی پر گذشتہ روز دوپہر 12 بجے سے بجلی بند ہے، کورنگی، سٹار گیٹ، نارتھ کراچی میں بھی طویل بریک ڈاؤن ہے۔ شہر کے بڑے حصے میں تو بجلی بند ہے تاہم جہاں موجود ہے وہاں کرنٹ لگنے کے واقعات سامنے آنے لگے ، اب تک 9 افراد کی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے کی اطلاعات آئی ہیں۔