کراچی (سچ نیوز)بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ جاوید شیخ کی فلم ”وجود“ میں کام کرچکی ہیں جس کے بعد انہیں ایک اور پاکستانی فلم ” چھاجارے“ میں بھی کاسٹ کیا گیا ہے اور اسی کی شوٹنگ کے سلسلے میں وہ ان دنوں کراچی آئی ہوئی ہیں جہاں انہوں نے مقامی اخبار روزنامہ جنگ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے تجربات کے حوالے سے آگاہ کیا۔20 سالہ ادیتی سنگھ نے بتایا کہ جس فلم میں وہ کام کررہی ہیں اس کا نام بھی بہت مختلف ہے۔ ”چھا جارے“۔ اس میں ان کا ایک خصوصی رقص بھی ہے، جسے آئٹم سونگ کہا جارہا ہے، حالانکہ وہ آئٹم سونگ نہیں، بلکہ ڈانس نمبر ہے۔ ائٹم سونگ اور ڈانس نمبر میں بڑا فرق ہوتا ہے۔ آئٹم سونگ کے لیرکس بہت بولڈ اور نا مناسب ہوتے ہیں۔آدیتی سنگھ نے کہا ’میں چوتھی بار پاکستان آئی ہوں، ایسا لگتا ہے کہ کراچی اب میرا دوسرا گھر بن گیا ہے۔ میرا بنیادی تعلق راجستھان سے ہے، لیکن میں ممبئی میں رہتی ہوں۔ کراچی کے لوگ بہت محبت کرنے والے اور فن کے دلدادہ ہیں۔ میں ساحلِ سمندر پر گھومتی ہوں تو ایسا لگتا ہے، جیسے ممبئی میں ہوں۔ کراچی کی بریانی بہت شوق سے کھاتی ہوں۔ طارق روڈ اور ڈیفنس کے بڑے بڑے شاپنگ سینٹروں میں گئی، خوب انجوائے کیا۔ ”دو دریا“ کا بڑا نام سنا تھا، وہاں بھی گئی۔ مجھے کراچی میں گ±ھومتے پھرتے کسی خوف کا احساس نہیں ہوا۔ یہاں دو تین مرتبہ برائیڈل شوٹ کے لیے دلہن بھی بنی۔اس سے قبل کبھی بھارت میں برائیڈل شوٹ نہیں کیا تھا۔بھارتی اداکارہ نے کہا کہ وہ ہمایوں سعید، فواد خان، شہر یار منور اور فہد مصطفیٰ کے ساتھ فلم میں بطور ہیروئن کام کرنا چاہتی ہیں جبکہ پاکستانی ڈرامے میں بھی کام کرنا چاہتی ہیں۔