نئی دلی (سچ نیوز) بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے اور پاکستان کے شدید احتجاج کے بعد انڈیا نے اپنی نیوی کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق نیوی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ مشرقی اور مغربی پانیوں پر تمام بحری جہازوں کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔ کوسٹ لائن کی بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جاسکے۔ انڈین نیوی مکمل طور پر متحرک ہے اور اس کے تمام جہاز ہائی الرٹ پر ہیں۔آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد بھارتی فوج پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے جبکہ کشمیر میں بھی سکیورٹی فورسز کی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ مقبوضہ وادی میں اتنی بھاری تعداد کے باوجود کشمیریوں کی جانب سے گزشتہ 6 دنوں کے دوران بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔پاکستان کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد بھارت اس معاملے سے توجہ ہٹانے کیلئے کوئی بھی شرارت کرسکتا ہے ، بھارت کی جانب سے پلواما ٹو کا ڈرامہ بھی رچایا جاسکتا ہے۔ پاکستان کی فوجی اور سول قیادت نے بار بار واضح کیا ہے کہ وہ ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں اور بھارت کو کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں منہ توڑ جواب دیں گے۔