صنعاء (سچ نیوز)یمن کی سرکاری فوج نے صعدہ گورنری کے دو اہم محاذوں البقع اور کتاف سے حوثی باغیوں کو نکال باہر کرنے کے بعد وہاں پر بچھائی گئی 1214 بارودی سرنگیں تلف کردیں۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی فوج کی انجینیرنگ کی ٹیم نے کئی روز قبل کتاف اور البقع کے مقامات پر حوثیوں کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں اور بموں کی کی تلاش کا آپریشن شروع کیا تھا۔ حوثی باغی اپنے فرار سے قبل اس علاقے میں وسیع پیمانے پر بارودی سرنگیں بچھا گئے تھے۔ تلاش کے دوران پتا چلا ہے کہ یہ بارودی سرنگیں مختلف شکلوں اور حجم کی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے سڑکوں، کھیتوں، آبادی کے اطراف، گھروں کے قریب اور بازاروں کے اطرف میں بچھا رکھی تھیں جو شہری آبادی کے لیے بھی تباہ کن تھیں۔رپورٹ کے مطابق سیکڑوں بارودی سرنگوں کی تلفی کے بعد اب مقامی شہری آبادی کافی حد تک محفوظ ہوگئی ہے۔یہ پہلا موقع نہیں کہ یمنی فوج نے حوثی باغیوں کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں تلف کی ہیں۔ پچھلے مہینوں کے دوران سرکاری فوج حوثیوں کی طرف سے بچھائی گئی ہزاروں بارودی سرنگیں تلف کرچکی ہے۔