اسلام آباد (سچ نیوز ) پاکستانی دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی قرار دے دیا ہےتفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ’’ ٹویٹر ‘‘ پر جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان پاکستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی،امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا یہ بیان حقائق کے برعکس ہے، اس کی فی الفور تصحیح کی جائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ہیتھر نویرٹ نے میڈیا کو جاری کئے جانے والے بیان میں کہا تھا کہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے پاکستان میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔یاد رہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مائیکل پومپیو نے وزیراعظم عمران خان کو فون کرکے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی کی ضرورت پر زور دیا اور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کے لیے پاکستان کی اہمیت کا بھی ذکر کیا۔امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو کامیاب انتخابی مہم اور حکومت بنانے پر مبارک باد دی اور پاکستانی عوام کی بہتری کے لیے کیے گئے ان کے وعدوں کی تکمیل کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ افغانستان سمیت پورے خطے میں امن کا قیام ضروری ہےجبکہ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے تناظر میں امن کو دونوں ممالک کے لیے اولین ترجیح پر اتفاق کیا۔ ۔