بنکاک(سچ نیوز) چند ہفتے قبل سعودی عرب سے 18سالہ رحاف محمد نامی لڑکی کے فرار ہونے کی خبر آئی تھی جو گھر والوں کے تشدد سے تنگ آ کر ملک سے بھاگی اور بالآخر اسے کینیڈا میں سیاسی پناہ مل گئی۔ اب سعودی عرب سے ایک 14سالہ لڑکے کے فرار ہونے کی خبر بھی آ گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس لڑکے کا نام احمد حسن بشیری ہے جس نے اپنے والد کے آن لائن ٹریول اکاﺅنٹ سے خود کو اکیلے سفر کرنے کی اجازت دی ، جعلی دستاویزات بنوائیں اور ملک سے فرار ہو کر تھائی لینڈ پہنچ گیا۔احمد حسن بشیری نے بھی دعویٰ کیا کہ وہ اپنے خاندان والوں کے تشدد کی وجہ سے ملک سے فرا رہوا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اسے قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ اس کا تعلق سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر سماطہ سے ہے۔ سعودی عرب سے فرار ہونے سے ایک دن پہلے اس نے اپنا ٹوئٹر اکاﺅنٹ بنایا اور اس پر بتایا کہ ”مجھ پر میرے گھر والے تشدد کر رہے ہیں اور مجھے قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔“ تاہم اس نے تشدد اور دھمکیوں کی وجہ بیان نہیں کی۔بنکاک پہنچنے پر تھائی لینڈ کے حکام نے اس کی عمر کم ہونے پر اسے انٹری ویزا دینے سے انکار کر دیا اور اسے ایک پرواز کے ذریعے قطر بھیجا گیا جہاں سے اسے کویت روانہ کر دیا گیا۔ اس سے قبل اس کے والد کو بھی الرٹ کیا جا چکا تھا اور وہ بھی کویت پہنچ چکا تھا۔ احمد حسن کے والد کا کہنا تھا کہ ”بیٹے کی اس حرکت پر مجھے شدید جھٹکا لگا۔ اس پر کسی طرح کا کوئی تشدد نہیں ہو رہا تھا۔ نجانے اس نے ایسی حرکت کیوں کی۔“رپورٹ کے مطابق کویت سے احمد حسن کو اس کا والد واپس سعودی عرب لے گیا۔






