راولپنڈی(سچ نیوز ) رواں سال فروری میں بھارتی طیارے گرانے والے ونگ کمانڈر نعمان علی کو ستارہ جرات اور سکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی کو تمغہ جرات سے نوازا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے یوم آزادی و یوم یکجہتی کشمیر پر مسلح افواج کے جوانوں اور افسروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ صدر مملکت نے ایک ستارہ جرات، 2 تمغہ جرات، 8 ستارہ بسالت، 88 تمغہ بسالت اور 94 امتیازی اسناد دیں۔ افسروں اور جوانوں کو مختلف آپریشنز خصوصاً پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کو تمام محاذوں پر شکست دینے پر اعزازات سے نوازا گیا۔اس موقع پر ونگ کمانڈر محمد نعمان علی کو ستارہ جرات جبکہ سکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی اور گروپ کیپٹن فہیم احمد کو تمغہ جرات سے نوازا گیا۔آئی ایس پی آر کے افسر کرنل شفیق کو انفارمیشن ڈومین میں بہترین خدمات سر انجام دینے پر اعزازی سند دی گئی ۔یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ کے پائلٹس نے دو بھارتی طیارے گرائے جن میں سے ایک طیارہ اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور دوسرا بھارتی طیارہ ونگ کمانڈر نعمان علی خان نے گرایا تھا۔