گیبرونی(سچ نیوز)افریقی ملک بوٹسوانا اور نیمبیا کے درمیان واقع دریا میں ڈوب کر سینکڑوں بھینسیں ہلاک ہوگئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بوٹسوانا کے حکام نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا ہے کہ بظاہر شیر بھینسوں کے اس ریوڑھ کا پیچھا کر رہے تھے جس کی وجہ سے یہ بھاگتی ہوئی دریا میں جا اتریں۔بوٹسوانا کے حکام کے مطابق اندازاً 400 بھینسیں ڈوب کر ہلاک ہو گئی ہیں،ایک مقامی شخص کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ یہ بھینسیں وہاں پھنس گئی تھیں کیونکہ دریا کا دوسرا کنارہ اونچا تھا اور وہ اس پر چڑھ نہیں سکیں اور بھگدڑ کا شکار ہو گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے کبھی اتنی بڑی تعداد میں بھینسوں کو ڈوبتے نہیں دیکھا۔ مقامی افراد ان بھینسو ں کو اپنے گھروں میں لے گئے ہیں تاکہ ان کا گوشت کھا سکیں۔ایک اور مقامی سائمن میچیلٹی شخص کے مطابق یہ ریوڑھ غیر معمولی طور پر کافی بڑا تھا جس میں کم از کم 1000 بھینسیں تھیں۔سائمن نے بتایا کہ انھوں نے شیروں کے دھاڑنے کی آوازیں سنی تھیں اور جب وہ دریا پر گئے تو انھوں نے سینکڑوں بھینسوں کو مرے ہوئے پایا۔ان کا مزید کہنا تھا مقامی لوگوں نے ان بھینسوں کو کھانے کی غرض سے دریا سے نکال لیا ہے تاہم حکام نے انہیں اس بات کی اجازت نہیں دی تھی۔