پیرس ( سچ نیوز ) فرانس کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔
برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ کے مطابق فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین نے کہا ہے کہ یہ ان کے لیے باعث حیرت ہے کہ بیرونی ممالک فرانس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا اشارہ ترکی اور پاکستان کی طرف ہے۔ پاکستان کی پارلیمنٹ میں ایک قرار داد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فرانس سے اپنا سفیر واپس بلالے۔
خیال رہے کہ پیر کے روز پاکستان کی قومی اسمبلی نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی حکومتی سرپرستی میں اشاعت اور صدر ایمانویل میکرون کے شدت پسندانہ رویے کے خلاف قرار داد منظور کی تھی۔
فرانسیسی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ترکی فرانس کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔
واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے فرانس میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی تھی کہ وہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔