نئی دلی ( سچ نیوز ) بھارت کی جانب سے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی حمایت میں ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔
بھارت نے گستاخانہ خاکوں کی حمایت کی وجہ سے مسلمان ملکوں کی تنقید کا نشانہ بننے والے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی کھل کر حمایت کی ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسے صدر میکرون پر ناقابلِ قبول زبان میں شدید ذاتی حملوں پر سخت افسوس ہے، اور یہ بین الاقوامی امور کے بنیادی معیارات کی خلاف ورزی ہیں۔
بھارت نے گزشتہ دنوں قتل ہونے والے سکول ٹیچر پاتی کی ہلاکت کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ہم فرانسیسی استاد پر وحشیانہ دہشت گرد حملے کی بھی مذمت کرتے ہیں، جنہیں اس بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا جس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔
بھارتی حکومت نے پاتی کے خاندان اور فرانس کے عوام سے تعزیت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ دہشت گردی کے لیے کسی بھی وجہ اور کسی بھی حالت میں کوئی جواز نہیں ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے فرانس میں ’دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ’ میں فرانس میں حال ہی میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کی سخت مذمت کرتا ہوں، ان میں آج کا نیس کے چرچ میں ہونے والا وحشیانہ حملہ بھی شامل ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں اور فرانس کے عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، انڈیا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرانس کے ساتھ کھڑا ہے۔‘