اسلام آباد ۔ (سچ نیوز) گذشتہ مالی سال کے 11ماہ میں پاکستان سے آٹوپارٹس اوراسیسریز کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ ادارہ شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکر مئی2018ء کے اختتام تک پاکستان نے آٹوپارٹس اوراسیسریز کی برآمدات سے 15.546ملین ڈالرکازرمبادلہ کمایا جو مالی سال 2016-17کے اسی عرصہ کے مقابلے میں زیادہ ہے، مالی سال 2016-17کے 11ماہ میں پاکستان نے آٹوپارٹس اوراسیسریز کی برآمدات سے 12.55ملین ڈالرکازرمبادلہ کمایا تھا۔تاہم اس عرصہ میں پاکستان سے برقی پنکھوں کی برآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2016-17کے 11ماہ میں پاکستان نے برقی پنکھوں کی برآمدات سے 25.298 ملین ڈالرکازرمبادلہ کمایا تھا جبکہ گزشتہ مالی سال کے 11ماہ میں برقی پنکھوں کی برآمدات سے پاکستان کو23.826 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکر مئی2018ء کے اختتام تک پاکستان نے ٹرانسپورٹ آلات کی برآمدات سے 7.717ملین ڈالرکازرمبادلہ کمایا جو مالی سال 2016-17کے اسی عرصہ کے مقابلے میں کم ہے۔