واشنگٹن(سچ نیوز) سعودی عرب میں موجود امریکی سفارتخانہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے کسی قانون کی خلاف ورزی نہ کریں‘ہم سب سعودی قوانین کے پابند ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے امریکی عوام کیلئے جاری کردہ تنبیہ نامے میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں رہائش پذیر تمام امریکی افراد سعودی قانون کی پابندی کریں‘اگر سعودی قانون کی خلاف ورزی پر کسی امریکی کو گرفتار کیا گیا تو امریکی سفارتخانہ یا قونصل خانہ اسے جیل سے نکلوانے کیلئے مداخلت نہیں کرسکتا۔سفارتخانہ نے اپنے پیغام میں یہ بھی تحریر کیا کہ تمام امریکی شہری یہاں قیام کے دوران اس کے قوانین و ضوابط کے پابندرہیں۔رپورٹ کے مطابق سفارتخانہ گرفتاری پر زیادہ سے زیادہ جیلوں میں ملاقات کا انتظام کرسکتا ہے اور ان کے مقدمہ کی پیروی میں حصہ لے سکتا ہے۔سفارتخانہ کی جانب سے کہا گیا کہ جس کسی امریکی شہری کو کسی جرم کے ارتکاب پر قید کی لمبی سزا ہوگی بھاری جرمانہ ہوگا،کوڑے لگانے کا فیصلہ ہوگا یا سعودی عرب سے بیدخلی کا حکم جاری ہوگا اس میں سفارتخانہ کوئی مداخلت نہیں کریگا۔