لاہور(سچ نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اہل گجرات نے ہمارے ساتھ تاریخی محبت کا اظہار کیا ہے، ہم گجرات کے علاوہ تلہ گنگ اور بہاولپور میں واضح اکثریت سے جیت رہے ہیں، حسین الٰہی کی لیڈ 40 ہزار سے اوپر ہے۔تفصیلات کے مطابق اپنی یقینی کامیابی کے بعد بہت بڑے پرجوش اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں اور اہل گجرات کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، ہم انشاء اللہ لوگوں کی خدمت کا وہ سلسلہ نہ صرف جاری رکھیں گے بلکہ آگے بڑھاتے رہیں گے جو ہمارے بزرگوں نے شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی 38 سال کی سیاست میں شہر والوں نے جس محبت کا عملی اظہار کیا وہ تاریخ کا حصہ ہے، ہم آپ کی محبتوں کے باعث گجرات شہر سے بھی جیتے ہیں، میں کافی پولنگ سٹیشنوں پر گیا ،لوگوں نے روک کر کہا کہ وہ ہمیں ووٹ ڈالنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلہ گنگ چکوال میں بھی لیڈ بہت زیادہ ہے، پولنگ سٹیشنز کافی ہیں ابھی مکمل نتائج آنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اہل گجرات کے ہاتھ چومیں کیونکہ انہوں نے اپنے دل میں موجود محبت کا مثالی اظہار ووٹ کی پرچی پر مہر لگا کر کیا ۔