لندن (سچ نیوز)برطانیہ میں نوازشریف خاندان کی ملکیت ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کا بیرونی حصہ ان دنوں پاکستانیوں کیلئے ایک اکھاڑے کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جہاں شریف خاندان کے مخالف پاکستانی اور ان کی حمایت اور لیگی کارکن ہونے کا دعویٰ کرنے والے سرشام ہی جمع ہوجاتے ہیں اس موقع پر نواز شریف کے خلاف اور ان کے حق میں نعرے بازی کی جاتی ہے ۔لندن سے ڈیلی پاکستان کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شریف خاندان کے مخالف پاکستانی خود کو تحریک انصاف کا کارکن ظاہر کرتے ہیں جبکہ وہاں نواز شریف کے بیانیے کی حمایت کرنے والوں کی بھی کمی نہیں ہے ۔ ایون فیلڈا پارٹمنٹس کے باہر ن لیگ مخالف اور حامی کارکنوں کے درمیان مخالفانہ نعرے بازی تو معمول کی بات ہے لیکن کئی ایک موقع پر بات ہاتھا پائی تک بھی پہنچ چکی ہے اور لیگی عہدیدار سمیت متعدد پاکستان حوالات یاترا کر چکے ہیں۔ اس صورتحال سے برطانوی پولیس کو بھی خاصی پریشانی کا سامنا ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کیلئے میٹرو پولیٹن پولیس کی بھار ی نفری بھی ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر تعینات رہتی ہے جو پولیس کیلئے بھی پریشانی اور ایک امتحان سے کم نہیں ہے ۔ یہاںیہ بات قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ ن مخالف پاکستانی جن کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکن ہونے کا دعویٰ کیا جاتا اور وہ تحریک انصاف کی پارٹی ٹوپیاں بھی پہنے ہوتے ہیں سے تحریک انصاف برطانیہ مکمل طور پر لاتعلقی کا اظہار کرچکی ہے ۔اس حوالے سے نواز شریف خاندان کے خلاف نعرے لگانے والے پاکستانیوں سے جب پوچھا گیا کہ ان کی جانب سے مظاہرے کرنے کا کیا مقصد ہے اور وہ کس پارٹی کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ؟تو ان کا کہنا تھا کہ ان کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں بلکہ وہ اس لئے یہاں آتے ہیں کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس شریف خاندان کی نہیں بلکہ پاکستان کی ملکیت ہے ۔ اس لئے وہ اپنے ملک کی ملکیت کا خیال رکھنے کیلئے یہاں آتے ہیں۔