نئی دہلی (سچ نیوز )بھارت اپنے ہی بیان سے ایک مرتبہ پھر مکر گیا ہے اور پوری دنیا کو گمراہ کرنے کا اس کا پراپیگنڈہ بے نقاب ہو گیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے اپنی حکومت کو کچھ عرصہ قبل رپورٹ دی تھی کہ رواں سال کوئی حملہ نہیں ہواہے اور نہ ہی کوئی فوجی لاپتہ ہو ا ہے لیکن اب وہ اس بیان سے مکر رہی ہے اور یہ اس بات کا اعتراف ہے کہ وہ اپنی ہی رپورٹ پر قائم نہیں رہ سکتی ۔امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کے بعد بھارت ہٹ دھرمی کے باعث ایسی حرکتیں کر رہاہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ دونوں ممالک کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان کوئی رابطہ بھی نہیں ہواہے ۔بھارت دراصل دراندازی کے مردہ گھوڑوں میں دوبارہ جان ڈالنا چاہ رہاہے ۔ پاکستان کی افواج صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار ہیں ۔
یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت گمراہ کن پراپیگنڈہ کر کے عالمی برادری کی توجہ بھی ہٹانا چاہتا ہے، بھارت ایل او سی پر کارروائی کا صرف جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی فوج نے 30 اور31 جولائی کی درمیانی رات وادی نیلم میں توپ خانے اور کلسٹر بموں سے سول آبادی پرحملہ کیا جس میں معصوم بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 زخمی ہوئے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کلسٹر ایمیونیشن کنونشن کے تحت ایسے مہلک ہتھیاروں کا استعمال ممنوع ہے، عالمی برادری بھارت کی جانب سے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت اسلحہ کے زور پرکشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا، کشمیر ہر پاکستانی کے خون میں دوڑتا ہے، انشاءاللہ کشمیریوں کی آزادی کی تحریک ضرور کامیاب ہو گی۔