حالیہ الیکشن نے قوم کو سخت امتحان میں ڈال دیا،حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف کرنے میں بخل سے کام نہیں لیں گے:سینیٹر سراج الحق

حالیہ الیکشن نے قوم کو سخت امتحان میں ڈال دیا،حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف کرنے میں بخل سے کام نہیں لیں گے:سینیٹر سراج الحق

لاہور(سچ نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حالیہ الیکشن نے قوم کو سخت امتحان میں ڈال دیاہے ،قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے سب اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا،جماعت اسلامی کرپشن کے خاتمہ اور لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے لیے احتساب کا ایسا نظام چاہتی ہے جس سے کوئی لٹیرا بچ کر نہ جاسکے ،ہم پاکستان کو کرپشن فری اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف کرنے میں بخل سے کام نہیں لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق منصورہ میں جاری جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شورٰی کے دو روزہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات ملکی تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات تھے ، اپوزیشن مسلسل احتجاج کر رہی ہے ،انتخابات پر عوام کا اعتماد بری طرح مجروح ہوا ہے اور ہارنے والے تو اپنی ہار پر صبر کر کے بیٹھ گئے ہیں مگر جیتنے والے ابھی تک شرمسار پھر رہے ہیں،الیکشن کمیشن بیس ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود بااعتماد اور شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہاہے جس سے الیکشن کمیشن پر عوام کا اعتماد مجروح ہواہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کو 77 ءجیسی صورتحال سے بچانے کے لیے ہم نے اپوزیشن کو اسمبلیوں میں جانے کی تجویز دی جسے آل پارٹیز کانفرنس میں منظور کرلیا گیا اور اس طرح ملک ایک آئینی بحران سے بچ گیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیاسی اور جمہوری نظام کی بقا اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ جمہوری رویوں کو فروغ دیا اور آمریت خواہ وہ فوجی ہو یا جمہوریت کے لبادے میں لپٹی شخصی آمریت ، ہم نے اس کے خلاف جدوجہد کی ،پاکستان ایک بڑی عوامی تحریک کے ذریعے بنا تھا اور عوام کو ہی اس پر حکمرانی کا حق ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اب ہم دیکھیں گے کہ پی ٹی آئی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرتی ہے یاپیپلز پارٹی اور ن لیگ کی طرح اپنے منشور سے بھاگ جاتی ہے؟عمران خان نے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے ، نوجوانو ں کو روزگار دینے ، کشمیر کی آزادی اور معیشت کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے چنگل سے نکال کر خود انحصاری اختیار کرنے اور سودی معیشت کے خاتمہ کے جس عزم کا اظہار کیا ہے ، قوم منتظر ہے کہ عمران خان اپنے ان وعدوں کو پورا کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اصلاح چاہتے ہیں اگر حکومت ملک کو اسلامی و فلاحی مملکت بنانے کی طرف کوئی قدم اٹھاتی ہے تو ہم حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف کرنے میں بخل سے کام نہیں لیں گے۔اقلیتوں کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتاہے ، اقلیتوں کے حقوق کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں،جماعت اسلامی نے اقلیتوں کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے ۔

Exit mobile version