دبئی سٹی(سچ نیوز)بیرون ملک منشیات کے متعلق قوانین ایسے سخت اور سزائیں اتنی خوفناک ہیں کہ انسان سُن کر ہی کانپ اٹھتا ہے لیکن اس پاکستانی نوجوان کی بدبختی کا اندازہ کیجئے جو اپنی گاڑی میں ایک کلوگرام منشیات رکھ کر دبئی کی سڑکوں پر گھومتا پکڑا گیا ہے۔
گلف نیوز کے مطابق ڈرگ انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع ملی تھی کہ ایک غیر ملکی نوجوان منشیات فروشی میں ملوث ہے جس پر کاروائی کرتے ہوئے راس الخور کے علاقے میں اس کی گاڑی روک لی گئی۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جب گاڑی کی تلاشی لی گئی تو سیٹ کی پچھلی پاکٹ سے ایک کلو گرام میتھامفیٹامین منشیات برآمد ہو گئی جو گولیوں کی شکل میں تھی۔اُنیس سالہ ملزم کو تمام شواہد اور ثبوتوں کے ساتھ عدالت کے سامنے پیش کیا گیا جہاں اُس کے خلاف مقدمے کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔متوقع طور پر یہ فیصلہ 3 اکتوبر کے روز سنا دیا جائے گا۔