میانوالی ، راولپنڈی (محمد زبیراعوان)شمالی وزیرستان میں باروی سرنگ کے د ھماکے میں میانوالی کے علاقے نمل سے تعلق رکھنے والے حوالدار احمد خان شہید ہوگئے جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان نے بتایاکہ بارودی سرنگ کا دھماکہ شمالی وزیرستان کے علاقے ڈن کلی میں اس وقت پیش آیا جب بم ڈسپوژل ٹیم معمول کے مطابق سرچ اینڈ کلیئر آپریشن کر رہی تھی ۔دھماکے سے شہید ہونے والے 38 سالہ حوالدار احمد خان جنگوال کے سوگواروں میں ایک بیوہ ، بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں ۔احمد خان کی شہادت کی اطلاع ملنے پر مقامی لوگ میانوالی سکیسر روڈ پر ڈھوک علی خان سے آگے موجود آبادی ’ڈھوک جنگوال‘ پر ان کے آبائی گھر میں جمع ہونا شروع ہوگئےاور شہید کی نماز جنازہ 10 بجے اداکی جائے گی اور گارڈ آف آنر کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیاجائے گا۔ ذرائع نے ڈیلی پاکستان کو بتایا کہ شہید احمد خان کے والد مہرخان بھی پاک فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ شہید احمد خان کے 5 بھائی ہیں، بھائیوں میں سے شہید دوسرے نمبر پر تھے ۔