فیصل آباد۔ (سچ نیوز)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ آسٹریلیا اور تھائی لینڈ کے 14 روزہ دورے سے واپس فیصل آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کی قیادت میں ایف سی سی آئی کے تجارتی وفد نے سڈنی ۔ گولڈ گوسٹ اور ملبورن میں وہاں کے تاجروں کے علاوہ پاکستانی قونصل جنرل سمیت دیگر متعلقہ افسران سے بھی دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔اس دوران فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے آسٹریلیا ۔ پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے ۔ واپسی پر صدر چیمبر کی قیادت میں جانے والے اس وفد نے تھائی لینڈ کا بھی دورہ کیا جس کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے تھائی لینڈ میں پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد اور کمرشل قونصلر غلا م نبی کمبوہ کو اس مجوزہ ٹریڈ ایگریمنٹ میں ٹیکسٹائل کی زیادہ سے زیادہ مصنوعات کو شامل کرانے کی تجویز پیش کی کہ پاکستان سے تھائی لینڈ کو برآمدات بڑھانے کے ساتھ ساتھ فیصل آباد سے ٹیکسٹائل کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔
دریں اثناء سینئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف بھی امریکہ کے دورے کے بعد واپس فیصل آباد پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے لاس ویگاس میں لائنز انٹرنیشنل کلب کے انٹر نیشنل ڈائریکٹر کے ہونے والے انتخابات میں حصہ لیا اور وہاں کی کاروباری برادری سے بھی بات چیت کی۔ آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری پہنچنے پر دونوں نے اپنی معمول کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ جبکہ فیصل آباد چیمبر پہنچنے پر سیکرٹری جنرل عابد مسعود نے ان کا خیر مقدم کیا اور سٹاف کی طرف سے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل رانا شبیر حسین اور ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ایم ڈی طاہر بھی موجود تھے۔