اسلام آباد (سچ نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی نے کہا ہے کہ سید خورشید شاہ کے انتخاب میں حصہ لینے کی صورت میں مسلم لیگ ن کسی صورت سپیکر قومی اسمبلی کے لئے تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر کو ووٹ نہیں دیگی ۔
جیونیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جاوید عباسی نے کہاہے کہ جن حالات میں موجودہ اسمبلی بننے جارہی ہے اور جن حالات میں یہ حلف لے رہے ہیں ایسے میں پر فارم کرنا بہت مشکل ہوگا ۔خورشید شاہ کے الیکشن لڑنے کی صورت میں مسلم لیگ ن کسی صورت میں اسد قیصر کو ووٹ نہیں دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آگے چل کر اگر ان کو پتہ چل جا ئے جب حکومت مل جائے تو رویئے بدلنے پڑتے ہیں تو پھر کوئی صورت نکل سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کوئی تجربہ نہیں ہے کہ کیسے حکومت چلائی جاتی ہے ؟ ان کے پاس ایوان میں بھی اکثریت نہیں ہے ،جنوبی صوبہ بنانے کیلئے ان کو صوبے اور مرکز میں دوتہائی اکثریت چاہئے لیکن یہ تو ان دونوں ایوانوں میں سادہ اکثریت بھی نہیں رکھتے،تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ہم ارکان اسمبلی کو فنڈز نہیں دیں گے اب یہ ان کے لئے یہ ایک ٹیسٹ ہے ۔انہوں نے کہا تحریک انصاف کا معیار یہ ہے کہ ایک طرف یہ کہہ رہے تھے کہ ہم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے امیدوار کوسینیٹ میں ووٹ نہیں دیں گے لیکن سب نے دیکھا کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کے ڈپٹی چیئر مین کے امیدوار کو لائن میں لگ کر ووٹ دیئے ۔