خانیوال (روزنامہ سچ) عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے عاصم جمیل فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔
عاصم جمیل فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہوگئے تھے ، جنہیں فوری طور پرآر ایچ سی تلمبہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
ڈی ایس پی میاں چنوں کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل کے سینے میں گولی لگی تھی ، اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
مولانا طارق جمیل نے اپنے ایکس ( ٹوئٹر ) پیغام میں بیٹے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے۔ بیٹے کی موت کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے انہوں نے سب سے بیٹے کے لیے دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او خانیوال اور سینئرپولیس افسران موقع پرموجود ہیں اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔