واشنگٹن(سچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پڑوسی ملک میکسیکو کی سرحد سے غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے والے تارکین وطن کر سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے اورکہاہے کہ میکسیکو کی سرحد سے دراندازی کرتے ہوئے امریکی فوج پر سنگ باری کرنے والوں پر گولیاں چلائی جائیں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائیٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ میکسیکو کی سرحد سے امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے افراد امریکی بارڈر پولیس پروحشیانہ حملے کرتے ہیں، ہمیں یہ حملے ہرگز قبول نہیں۔ اگر تارکین وطن نے پرتشدد حملے جاری رکھے تو ہمارے سپاہی ان پر فائرنگ کریں گے۔ میں نے فوجیوں سے کہا کہ سرحد پار سے مداخلت کرنے والوں کی سنگ باری بھی بندوق سے فائرنگ کرنے کے مترادف ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ میکسیکو سے ہمارے ملک میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو کیمپوں میں ڈالا جائے گا جہاں سے انہیں واپس ان کے ملک میں دھکیلا جائے گا۔