اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، پاک فوج انسداد پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی. عمران خان کی زیرصدارت انسداد پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں مرض کے خاتمے کےلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے انسداد پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے، مرض کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اور عوامی آگاہی پیدا کی جائے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور ملک سے پولیو کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے صوبوں میں پولیو کے خاتمے کیلئے آگاہی مہم چلائیں۔ اس موقع پر وزرائے اعلیٰ نے عمران خان کو اپنے صوبوں میں انسداد پولیو کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو آگا ہ کیا کہ پاک فوج انسداد پولیو مہم میں مکمل تعاون کرے گی اورپولیو ٹیموں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے۔