لاہور(ویب ڈیسک) ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کا حصہ بننے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ہالینڈ پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق7 گھنٹے کے طویل سفر کے بعد ٹیم نے آرام کیا تاہم شام کے اوقات میں ٹیم میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں 4 جون سے شروع ہونے والے کیمپ کے تیسرے مرحلے کی تیاریوں کے حوالے سے غوروفکر کیا گیا۔ کیمپ کے دوران گرین شرٹس نہ صرف فزیکل اور گیم ٹریننگ کریں گے بلکہ آسٹریلیا، ہالینڈ اور وہاں کے مقامی کلبوں کے ساتھ مجموعی طور پر 5 پریکٹس میچز بھی کھیلیں گے۔
اسی کیمپ کے دوران پہلی بارگول کیپر اور پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ غیر ملکی کوچز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔کیمپ اور پریکٹس میچزمیں عمدہ کارکردگی دکھانے والے 18 کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کے دوران صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا جائیگا جبکہ باقی 4 کھلاڑی وطن واپس آجائیں گے۔.
یاد رہے کہ میگا ایونٹ23جون سے یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلا جائیگا جس میں پاکستان سمیت ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔