پنجاب میں پارٹی کی کھوئی ہوئی پوزیشن کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پھر سے بحال کیا جائے گا،عزت اللہ دیتا ہے ’’بلا ‘‘ نہیں :قمر زمان کائرہ

پنجاب میں پارٹی کی کھوئی ہوئی پوزیشن کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پھر سے بحال کیا جائے گا،عزت اللہ دیتا ہے ’’بلا ‘‘ نہیں :قمر زمان کائرہ

لاہور(سچ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم بلاول بھٹو زرداری کے سنٹرل پنجاب کے انتخابی دورہ پر انہیں بھرپور انداز میں خوش آمدید کہتے ہیں، انشااللہ پنجاب میں پارٹی کی کھوئی ہوئی پوزیشن کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پھر سے بحال کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق این اے 70 میں منعقدہ کارنر میٹنگ میں قمر زمان کائرہ نے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ باتوں سے کبھی انقلاب نہیں آتے ،انقلاب کے لئے عملی کام کرنا پڑتے ہیں ،کرپشن ختم کرنے کا نعرہ لگانے والی نون لیگ گذشتہ دس سالوں میں پنجاب سے تو کرپشن ختم نہیں کر سکی ،نام نہاد خادم اعلیٰ بھی صرف کھوکھلے وعدے اور جھوٹے دعوے ہی  کرتے رہےہیں ،عمران خان خیبر پختون خوا میں پانچ سال حکومت کرنے کے بعد بھی لوگوں کے پیسے سے بننے والے شوکت خانم ہسپتال کی مثال دیتے ہیں، وہ کے پی کے میں ایک بھی ایسا ہسپتال نہیں بنا سکتے جس کی وہ مثال دے سکیں ،عزت اللہ دیتا ہے اور ہم اللہ سے ہی عزت مانگتے ہیں لیکن کچھ لوگ ’’بلے‘‘ سے عزت مانگتے ہیں ،بلے والوں کے تو اپنے  پاس عزت نہیں ہے ،عمران خان کا اللہ پر ایمان ختم ہو چکا ہے وہ ملک بھر سے لوٹے اکٹھے کر کے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ دریں اثنا پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کے دورہ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں عزیز الرحمن چن، چودھری اسلم گل، ملک عثمان اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں لاہور میں حلقہ 131 سے 146 تک کے ٹکٹ ہولڈر ز کو خاص طور ذمہ داریاں دی گئیں،بلاول بھٹو کی لاہور آمد پرلاہور کے جیالے بھرپور قوت کا مظاہرہ کریں گے۔

Exit mobile version