امریکی وزیر خارجہ کا وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون ،دو طرفہ تعمیری تعلقات کیلیے نئی حکومت کیساتھ ملکرکام کرنے کی خواہش کا اظہار

امریکی وزیر خارجہ کا وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون ،دو طرفہ تعمیری تعلقات کیلیے نئی حکومت کیساتھ ملکرکام کرنے کی خواہش کا اظہار

واشنگٹن(سچ نیوز)امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو کا وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ٹیلی فون کرتے ہوئے ان کی کامیابی اور دو طرفہ تعمیری تعلقات کیلیے نئی حکومت کیساتھ ملکرکام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے  ’’وائس آف امریکہ ‘‘ کے مطابق  امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ہیدر نوئرٹ نے  میڈیا کو جاری کئے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ مائیکل پومپیو  نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا ہے اور ان  کی کامیابی کیلیےنیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ،امریکی وزیر خاجہ  نے پاکستانی وزیر اعظم کے ساتھ  دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے  پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ ملکرکام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے  ۔امریکی وزیرخارجہ نے عمران خان کے ساتھ افغانستان میں امن عمل میں پاکستان کے کلیدی کردار پر بھی بات کی اور تمام دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کیلیے پاکستان کی اہمیت کا ذکر کیا۔دوسری طرف نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،خطے میں امن اور استحکام بہت اہم اور ضروری ہے ،دو طرفہ تعلقات باہمی اعتماد پر مضبوط بنانا ہوں گے ۔امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو کامیاب انتخابی مہم اور حکومت بنانے پر مبارک باد دیتے ہوئے پاکستانی عوام کی بہتری کے لیے کیے گئے ان کے وعدوں کی تکمیل کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپ کے ایجنڈے  کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات رکھتے  ہیں ۔واضح  رہے کہ امریکی وزیر خارجہ متوقع طور پر اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم عمران خان  سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی۔امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا مقصد پاک امریکہ تعلقات کو مزید بہتر بنانا اور افغانستان میں امن کے قیام کے لیے امریکی اقدامات پر پاکستان کی حمایت حاصل کرنا  ہے۔

Exit mobile version