ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ ہیک کرکے اس پر عمران خان کی تصویر لگادی گئی ہے۔بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ ہیک کرکے اس کی پروفائل پکچر پر وزیر اعظم عمران خان کی تصویر لگادی گئی ہے جس سے یہی گمان ہوتا ہے کہ یہ کسی ہیکر کا کارنامہ ہے لیکن جب ہیکرز نے کچھ ٹویٹ کیے تو اس سے اندازہ ہوا کہ یہ کام پاکستانی نہیں بلکہ ترک ہیکرز کا ہے ۔
ہیکرز نے بائیو میں ترکی کا جھنڈا بنایا اور پاکستان کے ساتھ محبت کا اظہار بھی کیا۔
ہیکرز نے اپنے پیغام میں کہا ’ یہ پوری دنیا کیلئے بہت اہم پیغام ہے کہ ہم آئس لینڈ حکومت کی جانب سے ترک فٹبالرز کے ساتھ اپنائے جانے والے رویے کی مذمت کرتے ہیں، ہم پیار سے بات کرتے ہیں لیکن ہمارے ہاتھ میں بڑا ڈنڈا بھی ہوتا ہے ، ہم تمہارے اوپر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم بڑا سائبر حملہ کرنے جارہے ہیں‘۔
ہیکرز نے ایک ٹویٹ میں امیتابھ بچن کے اکاﺅنٹ کا پاسورڈ بھی دنیا کو بتادیا ۔
امیتابھ بچن کے اکاﺅنٹ کی ہیکنگ کی خبر ملتے ہی اسے فوری طور پر بحال کرنے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں ، اب اکاﺅنٹ کی پروفائل سے عمران خان کی تصویر ہٹائی جاچکی ہے ۔