ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کے بعد پاکستان چھوڑ کر بھارت جابسنے والے گلوکار عدنان سمیع خان کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ بھی ہیک کرلیا گیا ہے۔
امیتابھ بچن کی طرح عدنان سمیع خان کے اکاﺅنٹ کو بھی ترکش ہیکرز ’Ayyildiz tim‘ نے ہیک کیا ہے۔ ہیکرز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جو شخص بھی ہمارے برادر ملک پاکستان کو دھوکہ دے گا تو وہ اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر وزیر اعظم اور پاکستان کے جھنڈے کی تصاویر پائے گا۔
ہیکرز نے ایک اور پیغام میں عدنان سمیع پر واضح کیا کہ ان کا اکاﺅنٹ ہیک کرکے ان کے پرائیویٹ میسجز کیپچر کرلیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ترک ہیکرز نے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ بھی ہیک کرلیا تھا جو اب بحال ہوچکا ہے تاہم عدنان سمیع کا اکاﺅنٹ ابھی تک بحال نہیں ہوپایا ہے۔عدنان سمیع کا اکاﺅنٹ ہیک ہونے پر سوشل میڈیا پر طرح طرح کے تبصرے کیے جارہے ہیں اور پاکستانی انہیں ٹرول کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن ڈاکٹر فرحان ورک نے عدنان سمیع کا اکاﺅنٹ ہیک ہونے پر کہا ’ہم میجر عدنان سمیع کو سلیوٹ کرتے ہیں جنہوں نے اپنا اکاﺅنٹ ہیک ہونے کا ڈرامہ کیا تاکہ امیتابھ بچن کا اکاﺅنٹ ہیک کرنے کا الزام ان پر عائد نہ کیا جاسکے، اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ پاکستان کے بہترین ایجنٹ ہیں‘۔
خیال رہے کہ فروری میں ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے گلوکار عدنان سمیع کو آئی ایس آئی کا میجر کہہ کر کئی روز تک انہیں ٹرول کیا تھا۔امریکی کامیڈین جیریمی میکلیلن نے عدنان سمیع کا اکاﺅنٹ ہیک ہونے پر کہا ’ میجر عدنان سمیع اپنا اصل رنگ دکھا رہا ہے‘۔
بالی ووڈ فلم پروڈیوسر اور نقاد کمال راشد خان نے کہا ’ یہ AyyildizTim جو کوئی بھی ہے انہوں نے خوب شغل لگایا ہے، آخر کیسے یہ کسی کے اکاﺅنٹ کو اتنی آسانی سے ہیک کرلیتے ہیں؟ عدنان سمیع کی تو کہہ کر لے لی‘۔