اٹل بہاری واجپائی کی آخری رسومات کل شام سات بجے دہلی کے نیشنل میوزیم میں ادا کی جائیں گی،مودی سرکار نے سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کر دیا

اٹل بہاری واجپائی کی آخری رسومات کل شام سات بجے دہلی کے نیشنل میوزیم میں ادا کی جائیں گی،مودی سرکار نے سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کر دیا

نئی دہلی(سچ نیوز)بھارت کے معروف سیاسی لیڈر اور تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر مودی سرکار نے 7روزہ  قومی سوگ کا اعلان کر دیا ہے جبکہ اٹل بہاری واجپائی کی آخری رسومات کل بروز جمعہ شام سات بجے دہلی کے نیشنل میوزیم میں ادا کی جائیں گی۔بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’زی نیوز ‘‘ کے مطابق ہندوستانی حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی کے صدر امیت شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اٹل بہاری کے انتقال سے ہندوستان نے اپنا بہترین سیاست دان ،ادب نے بہترین شاعر ،صحافت نے ایک بہترین صحافی اور ملک کی پارلیمان نے غریبوں کی آواز کھو دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنا پہلا صدر کھو دیا ہے اور اٹل بہاری واجپائی کے جانے سے ہندوستانی سیاست میں ایک ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جسے لمبے عرصے تک بھرنا نا ممکن ہو گا ،ان کی شخصیت کثیر جہتی تھی ،واجپائی کی موت بھارتیا جنتا پارٹی کا ایسا نقصان ہے جو کبھی پورا نہیں ہو سکتا ،پورے بھارت کا یہ متفقہ خیال تھا کہ وہ جب بھی کچھ کہیں گے ملک کے مفاد میں ہی بولیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صبح 9بجے اٹل بہاری واجپائی کی میت بی جے پی کے ہیڈ کوارٹر میں لے جائی جائے گی اور جمعہ کی شام سات بجے دہلی کے نیشنل میوزیم میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔امیت شاہ کا کہنا تھا کہ اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر مودی حکومت نے 7روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے ،اس دوران بھارتی پرچم سر نگوں رہے گا دوسری طرف مدھیہ پردیش،بہار اور کئی دیگر بھارتی ریاستوں نے بھی اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر جمعہ کے روز عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔یاد رہے کہ اٹل بہاری واجپائی ہندوستانی سیاست میں پانچ دہائیوں سے زائد عرصہ تک انتہائی فعال کردار ادا کرتے رہے ، وہ بھارت کے پہلے غیر کانگریس وزیراعظم تھے، وہ طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد دہلی کے  آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز ) میں آج شام پانچ بجے انتقال کر گئے تھے ۔

Exit mobile version